عید قربان ہمیں خود میں صبر و استقامت اور ایثار و فداکاری کا جذبہ پیدا کرنے کی تعلیم دیتی ہے
سرینگر: جموں و کشمیر اتحاد المسلمین عید الاضحی کے متبرک موقعہ پر مسلمانان عالم خصوصاً کشمیری عوام کو عید سعید کی مبارک باد دیتے ہوئے رواں عوامی تحریک کے دوراں شہیدہوئے تمام جانبازوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور اُنکے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کرتی ہے۔ نیز جیلوں اور تھانوں میں نظر بند سینکڑوں افراد جن میں اکثریت جیالے جوانوں کی ہے، کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے، حکومتِ ہند اور مقامی ارباب ِاختیار پر زور دیتی ہے کہ تمام حریت پسند نظربندوں کی فوری رہائی کے احکامات صادر کرکے، انہیں اپنے اہل و عیال اور دیگر اقرباءکے ساتھ آنے والی عید الاضحی کی خوشیاں بانٹنے کا موقعہ فراہم کیا جائے۔ اتحاد المسلمین جدوجہد میں مجروحین کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ، اُنکی جلد صحتیابی کے لئے لوگوں سے دُعا کی اپیل کرتی ہے۔ اتحاد المسلمین ، عامتہ المسلمین سے مخلصانہ اپیل کرتی ہے کہ عید سعید کی تقریب کو پوری اسلامی شان مگر انتہائی سادگی سے منائیں اور اسمیں اپنے اُن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں جن کے لختِ جگر رواں تحریک جو 1989ءسے جاری ہے، کے دوراں یا تو شہید ہوگئے یا زخمی ہوکر ناتواں ہوچکے ہیں کیونکہ عید قربان ہمیں صبر و استقامت اور ایثار و فداکاری کا جذبہ خود میں پیدا کرنے کی تعلیم دیتی ہے اور اپنے معبود کی راہ میں اپنا سب کچھ نچھاور کرنے کا درس فراہم کرتی ہے۔ اسکے علاوہ غریب اور مفلوک الحال بھائیوں کی بھرپور معاونت کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ کوئی مسلمان عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے۔ نیز جنکے بچے یا رشتہ دار اس وقت مختلف جیلوں اور تھانوں میں نظربند ہیں، اُنکے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ، اُنکے پریشاں دل لواحقین کی ڈھارس بند ھائیں۔


No comments:
Post a Comment